نئی دہلی،23/جون (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) دہلی پردیش بی جے پی صدر منوج تیواری کو ان کے نمبر پر کسی نے ایس ایم ایس کے ذریعے جان سے مارنے کی دھمکی دی ہے۔ایس ایم ایس بھیجنے والے نے لکھا ہے کہ وہ ان کو قتل کرنے کے لئے مجبور ہیں۔تیواری نے کہا کہ اس نامعلوم شخص نے ضرورت پڑنے پر وزیر اعظم کو قتل کرنے کی بات بھی کہی ہے۔انہوں نے کہاکہ میں نے پولیس کو اس خطرے کے سلسلے میں معلومات دے دی ہے۔ہندی میں بھیجے گئے اس ایس ایم ایس میں بھیجنے والے نے اس کے لئے معافی مانگی ہے کہ اسے انتہائی مجبوری میں تیواری کے قتل کا فیصلہ لینا پڑا ہے۔دہلی بی جے پی کے میڈیا انچارج نیلکات بخشی نے کہا کہ جلد ہی اس کی باقاعدہ شکایت درج کرائی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ تیواری کے ذاتی فون پر جمعہ دوپہر 12 بج کر 52 منٹ پر یہ ایس ایم ایس آیا۔انہوں نے یہ ایس ایم ایس ہفتہ کی شام میں دیکھا اور فوری طور پر پولیس کو اس کی اطلاع دی۔